ٹیلی کمیونیکیشن ذرائع بڑھنے سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، وفاقی وزیر انفار میشن ٹیکنالوجی سید امین الحق

51

اسلام آباد۔30اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر انفار میشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ سکیورٹی پالیسی اور پرسنل ڈیٹا پرو ٹیکشن بل منظور کرانا بڑی کامیابیاں ہیں،سوشل میڈیا رولز، سپیکٹرم پالیسی، فائیو جی سپیکٹرم، فری لانسنگ پالیسی بنائی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں  آئی سی ٹی وائٹ پیپر کے اجراء کے موقع پرخطاب کرتے ہوئےکیا۔انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی نے آئی سی ٹی کے حوالے سے وائٹ پیپر کا اجراء کردیا ہےجس کا مقصد وزارت اور متعلقہ شعبوں کی خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی آئی ٹی کنسلٹنٹ فرم نے وزارت آئی ٹی کی پالیسیوں اورمنصوبوں پر جائزہ رپورٹ  تیار کی ہے جو وزارت کا بڑا کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وائٹ پیپر کا مقصد خامیوں کی نشاندہی اور جدید تقاضوں سے متعلق تجاویز کا حصول ہے۔ وائٹ پیپر ڈرافٹ فیڈ بیک کیلئے وزارت آئی ٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رائٹ آف وے پالیسی،  نیشنل  سائبر سکیورٹی پالیسی، پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل منظور کرائے گئے تاکہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اپنی ہی پالیسیوں کی صحت کا جانچنے کیلئے وائٹ پیپر کا اجراء کی مثال کسی وزارت میں نہیں ملتی،غیر جانبدار کنسلٹنٹ فرم سے وائٹ پیپر کی تیاری سے واضح ہے کہ وزارت آئی ٹی خلوص نیت اور شفافیت سے کام کررہی ہے۔ٹیکنالوجی کے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگی، مسلسل اپ گریڈیشن اور خامیوں کے خاتمے سے مشروط ہے۔