وہاڑی، 31 اگست (اے پی پی):مشہور دینی درسگاہ جامعہ البغداد مدینہ کالونی وہاڑی کے زیر انتظام سیلاب زدگان کی امداد کے لئے ایک ٹرک سامان بھجوایا گیا۔سامان میں متاثرین کے لئے چار سو بیگ راشن شامل ہے مہتمم و مذہبی سکالر مفتی محمد حیات قادری اور سابق زونل خطیب اوقاف قاضی محمد وہاج قادری نے اپنی موجودگی میں قافلہ روانہ کیا۔
جہاں پاکستان میں سیلابی آفت آنے کے بعد چاروں صوبوں کے افراد متاثر ہوئے وہاں پاکستان کے مخیر حضرات نے بھی سیلاب زدگان کی خدمت کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی،کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اسی سلسلہ میں وہاڑی کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ البغداد مدینہ کالونی کی جانب سے ایک ٹرک میں چار سو بیگ،بستر اور مچھر دانیاں بھجوائی گئیں۔صدر علماء سنی کونسل مفتی محمد حیات قادری ادارے کے طلباء اور مخیر حضرات نے دل کھول عطیات دئیے۔
مفتی حیات قادری نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت ملک میں سیلاب کی خبر پھیلی دل خون کے آنسو رونے لگا سیلاب زدگان کی ویڈیوز دیکھیں بولنے کی سکت نہ تھی حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے فرمان نے حوصلہ دیا،”جس نے مسمانوں کی تکلیف دور کی اللہ پاک قیامت کے دن انکی تکلیف دور کرےگا”،اس عزم کو لیکر نکلا تو خلق خدا کو بڑا سخی پایا،اہلیانِ وہاڑی نے اپنے سیلاب زدہ بھائیوں کے لئے دل کھول کر حصہ ڈالا قافلہ کی روانگی کے وقت قاضی محمد وہاج نے ملکی سلامتی اور سیلاب زدگان کے حق میں دعا کروائی۔











