تمام شہریوں پر قانون کا یکساں اطلاق آئینی تقاضا ہے، وفاقی وزیر قانون  سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی پریس کانفرنس

14

اسلام آباد۔31اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ریاستی مفادات کے خلاف کام کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ملک کے تمام شہریوں کو یکساں انصاف کی فراہمی آئینی تقاضا ہے، توہین عدالت کے مرتکب شخص کو سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا، عمران خان عدلیہ سمیت کسی ریاستی ادارے کو نہیں چھوڑتے، سابق وزیر خزانہ کی صوبائی وزراء سے گفتگو کی فرانزک کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کیلئے جب بھی آواز بلند ہوئی وکلاء نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا، قانون سازوں نے عدالتی نظام میں خلل سے بچنے اور آئین و قانون کے مطابق فیصلے یقینی بنانے کیلئے توہین عدالت کا قانون بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا کہ توہین عدالت کرنے والے کو سزا نہ ملی ہو، یہ تاثر عام ہے کہ عمران خان لاڈلا ہے۔