نوشہرہ،31 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد تاشفین عالم نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے کیوں کہ پورے ملک کا سامان اور راشن یہاں سے گزرتا ہے۔ نوشہرو فیروز ڈپٹی کمشنر نے آج اپنے آفس میں حالیہ بارشوں کے بعد نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور سڑک کی صورتحال کو بہتر بنانے کے سلسلے میں نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئیے کراچی سے پولیس کی نفری طلب کی گئی ہے تاکہ ہیوی ٹریفک کو ایک ہی لائن میں چلایا جاسکے۔ جبکہ پولیس موبائل وین اور موٹر سائیکل والوں کو موٹر وے پولیس کی مدد کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔اس سے قبل اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے نیشنل ہائی وے کے ڈپٹی ڈائریکٹر آفتاب احمد نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے پر پانی آجانے کی وجہ سے سڑک میں گڑھے پڑ گئے ہیں اور ڈرائیوروں کی جلد بازی کی وجہ سے گاڑیاں پھسد جانے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ جگہوں پر پتھر اور دیگر مٹیریل پہنچا دیا گیا ہے جبکہ مختلف جگہوں پر پتھروں سے بھرے ڈمری اور کرینیں کھڑی کی گئی ہے تاکہ خراب یا الٹنے والی گاڑیوں کو راستے سے ہٹایا جاسکے۔ اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی سید ابرار علی شاہ نے ممبر نیشنل ہائی وے سند ھ منیر احمد میمن سے بات کرتے ہوئے شاہ جمال اور دیگر علاقوں میں نیشنل ہائی وے کی فوری مرمت کے لئے کہا جس پر میمبر نیشنل ہائی وے نے یقین دہانی کرائی۔











