خوشاب ؛ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، منافع خوروں کو کسی صورت معاف ناکرنے کا فیصلہ

16

خوشاب ،01 ستمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منافع خوروں کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے ،پنجاب حکومت کی  ہدایات کے مطابق اور جاری کردہ ریٹ لسٹوں کے مطابق پورا پورا عمل درآمد کرایا جائے۔

 ڈپٹی کمشنر خوشاب کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے کہا کہ علاقہ مجسٹریٹوں کو مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لینے کے لئے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ افسران کو کہا گیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں جا کر سبزیوں پھلوں اور دیگر اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو چیک کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کریں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے آنے والی اشیا کی کمی کے باعث چیزوں کی قیمتیں زیادہ ہوئیں جنہیں کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے  ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹروں کی بڑی کھیپ جلد پہنچ جائے گی اور اس سے سبزیوں کی قیمتون کو کنٹرول کیا جاسکے گا۔

ڈپٹی کمشنر خوشاب نے مختلف بازوں کا دورہ بھی کیا اور انتظامیہ کے مقرر کردہ ریٹ چیک کئے اور کہا کہ ناجائز منافع خوروں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔