ڈیرہ مراد جمال،یکم ستمبر(اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نصیرآباد کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، دورہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سوشل ویلفیئر دارالعمان میں بنائی گئی عارضی ریلیف کیمپ خیمہ بستی کا معائنہ کیا اور محکمہ صحت کی جانب سے لگائی گئی میڈیکل کیمپ اور محکمہ لائیو اسٹاک کے کیمپ کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب کی بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں ہوئی ہیں، جن کا ازالہ کرنے کے لئے مرکزی اور صوبائی حکومت نے بہترین اقدامات کرتے ہوئے سیلاب متاثرین تک راشن پہنچایا ہے اور جن کے پیارے اس دنیا سے چلے گئے ہیں ان کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت نے فوری طور پر ان کے ورثہ کی مالی مدد کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب میں منہدم ہونے والے کچے اور پکے مکانات کی تمیز کو ختم کرکے منہدم ہونے والے گھر مالکان کو برابری کی بنیاد پر مالی مدد دی جائے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ بلوچستان میں پانی کی ہمیشہ کمی رہی ہے اور بارشوں اور سیلاب کا پانی نقصانات کرتے ہوئے سمندر میں چلا جاتا ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ بلوچستان میں زیادہ سے زیادہ ڈیمز تعمیر کیئے جائیں تاکہ پانی ان میں جمع ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ بریفنگ سے پتہ چلا کہ ضلعی انتظامیہ نے سیلاب متاثرین کے لئے بہترین اقدامات کیئے ہیں مگر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اور سیلاب متاثرہ خاندان کو کم از کم ایک مہینے کا راشن ضرور دیا جائے، بلوچستان کے اندر صوبائی حکومت، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات بہترین انداز میں کام کررہی ہیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ عالمی اداروں کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے اور دیگر این جی آوز اور ریڈ کراس کو بھی صوبے کے اندر سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئیں۔
صدر عارف علوی کے دورہ نصیرآباد کے موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ نے انہیں صوبے میں سیلاب کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری بلوچستان حافظ طاہر کمشنر نصیرآباد فتح خان خجک ،ڈپٹی کمشنر نصیرآباد محمد حسین سمیت دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔











