ملتان، یکم ستمبر (اے پی پی ):چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے جنوبی پنجاب کے دور افتادہ سیلاب سے متاثرہ علاقے بستی لاشاری میں بیورو کی جانب سے لگائے گئے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔
چیئرپرسن سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے ڈی جی خان کے علاقے بستی لاشاری میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے ذاتی کوششوں سے مخیر حضرات سے جمع کیا گیا راشن، کپڑے، جوتے، پانی اور دیگر امدادی اشیاء بھی بچوں میں تقسیم کیں۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے ریلیف کیمپ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے بچوں سے ملاقات کی ۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر وہ جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بستی لاشاری کے اس دور افتادہ علاقے میں رسائی نہ ہونے کی وجہ سے کوئی مدد نہیں پہنچ سکی اور لوگوں کے مکانات اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
چئیرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپ کا مقصد سیلاب کے دوران گمشدہ اور والدین سے بچھڑنے والے بچوں کو ریسکیو اور مدد فراہم کرنا ہے ، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم ان بے سہارا اور لاوارث بچوں کی مدد کے لیے موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں ان بچوں کی رہائش اور تعلیم کے لئے مکمل انتظامات موجود ہیں ۔
سارہ احمد نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں گمشدہ یا لاوارث بچوں کے بارے میں چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر اطلاع دیں ۔











