ملتان، 02 ستمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو نے کہا ہے کہ ضلع ملتان میں لٹریسی ڈے تین ستمبر کو منایا جائے گا جس میں آگاہی ریلی اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔
عالمی یوم لٹریسی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو نے کہا کہ جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے حوالے سے مختلف پروگراموں کا آغاز کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل لٹریسی ڈے آٹھ ستمبر کو ہر سال پوری دنیا میں منایا جاتا ہے تاکہ لوگوں میں بنیادی تعلیم کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکے، ضلع ملتان میں لٹریسی ڈے تین ستمبر کو منایا جائے گا جس میں آگاہی ریلی اور سیمنار کا انعقاد کیا جائے گا اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ ملتان لٹریسی ریٹ میں اضافہ کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے شانہ بشانہ کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو نے کہا کہ ضلع ملتان میں 378 نون فارمرز سکول تقریباً چودہ ہزار طالب علموں کو تعلیم دے رہے ہیں اور آخر میں آپ سے درخواست کروں گا کہ اپنے سکول سے باہر بچوں کو تعلیم دلوا کر مفید شہری بنوانے کا اہم کردار ادا کریں۔











