ملتان، 03 ستمبر (اے پی پی):ملتان سکھر موٹروے پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی کمزور ٹائر اور بغیر فٹنس والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔تمام ٹال پلازہ جات پر گاڑیوں کو چیک کیا جا رہا ہے اور کمزور ٹائر والی اور اَن فِٹ گاڑیوں کو موٹروے سے واپس کروایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ بغیر فٹنس والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے اور فٹنس نا ہونے پر موٹروے سے واپس کروایا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بتایا کہ کمزور ٹائر والی گاڑیوں کے ڈرائیور اپنے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کی زندگی بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں، کمزور ٹائر والی گاڑیوں کا داخلہ موٹروے پر سختی سے منع ہے۔
ڈی ایس پی بیٹ 24 ضرغام عطاء بلوچ نے تمام بریفنگ آفیسران کو ہدایات دی کہ جس گاڑی کے کمزور ٹائر ہوں یا فٹنس نا ہو اسے مکمل بریف کریں اور ہرگز موٹروے پر سفر کی اجازت نا دیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موٹروے یا ہائی وے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن ‘130’ یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ‘ہمسفر ایپ’ سے مدد لی جا سکتی ہے۔











