بہاولنگر، 3 ستمبر ( اے پی پی ):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر نے کہا کہ حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات دہلیز پر مہیا کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر نے ضلع کے مختلف تعمیراتی سیکٹرز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائز ہ لینے کے لئے اور نیو سکیمیں مالی سال ،2022,23 کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو ترقیاتی کاموں کی صورت میں ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کی فلاح وبہبود اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت عوامی خدمت کے لئے کام کریں۔
عبدالجبارگجر نے تمام تعمیراتی منصوبوں سے منسلک محکموں کے حکام کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور وہ خود ضلع کے مختلف سیکٹرز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے سرپرائز وزٹ کرکے معیار کا جائزہ لیں گے۔
اجلاس میں محکمہ پلاننگ، ہائی ویز، بلڈنگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، سکولز اینڈ ہائر ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ کے افسران نے اپنے محکموں کے زیر نگرانی جاری ترقیاتی منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عمران علی، ایکسین ہائی ویز ، ایکسین پبلک ہیلتھ سمیت دیگر نے شرکت کی۔











