لاہور،03 ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور امدادی سامان کی فراہمی اولین ترجیح ہے، یہ بات قابل ستائش ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے مخیر حضرات اور ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہا ر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے معروف سماجی اور کاروباری شخصیت جلال الدین رومی سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے ہفتہ کو یہاں ان سےملاقات کی۔ملاقات میں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ملاقات میں جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کے سکول کی بحالی اور مالی امداد کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی گئی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ سیلاب زدگان کو ریلیف دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں، اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنا سب پر فرض ہے۔انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس پنجاب بھی اب تک مخیر حضرات کے تعاون سے سیلاب زدگان کے لیے سو کروڑ روپے سے زائد کی نقد اور اشیائے ضرورت پر مشتمل امداد بھجوا چکا ہے، انشاءاللہ یہ سلسلہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک جاری رہے گا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروباری افراد نہ صرف ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ فلاحی کاموں میں ان کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے جلال الدین رومی کی فاؤنڈیشن کی صاف پانی کی فراہمی، سکول کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کے حوالے سے مدد سمیت دیگر فلاحی کاموں کو سراہا۔
جلال الدین رومی نے اس موقع پر گفتگو کرتے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سکولوں میں بچوں کو کھانا، تعلیمی اخراجات میں مالی مدد اور دیگر امدادی اشیاء مہیا کریں گے۔انہوں نے گورنر پنجاب کو سیلاب زدگان کی مدد میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔











