حکومت نے مشکل فیصلے لے کر پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے؛وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

10

کراچی ، 03 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل   نے    کہا ہے کہ  حکومت نے مشکل فیصلے لے کر پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے ، معاشی مشکلات کے باوجود 40  لاکھ سے زائد گھرانوں کو 25 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ  کو یہاں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ  شوکت ترین کی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں انہیں ملکی مفاد کے خلاف جھوٹ بولنا بند کرنا چاہئے، آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس سے ایک روز قبل آپ پاکستان کی امداد روکنے کیلئے ٹیلیفون کر رہے تھے اور اب قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آئی ایم ایف سے سالانہ دو فیصد ٹیکس بڑھانے اور ٹیکس لیوی، پٹرولیم کی قیمت بڑھانے اور سبسڈی ختم کرنے کے معاہدے آپ نے نہیں کئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی جماعت ملک کو دیوالیہ کرنا چاہتے تھے، اس وقت ملک میں بدترین سیلاب کی صورتحال ہے، چالیس لاکھ سے زائد خاندان سیلاب سے متاثرہ ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ ان چالیس لاکھ سے زائد خاندانوںکو  25 ہزار روپے فی خاندان امداد دے رہے ہیں اور ہم اس رقم کا بندوبست کریں گے۔