ملتان، 4 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے امداد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کیلئے ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے۔چیف سیکرٹری نے فلڈ کنٹرول روم اور امدادی سامان کے ویئر ہاؤس کا معائنہ کیا اور سیلاب متاثرین کو فوری طور پر مچھر دانیاں اور مچھر بھگانے والا لوشن مہیا کرنے کی ہدایات جاری کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے والی فلاحی تنظیموں اور مخیر حضرات کو انتظامیہ مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کرے۔انہوں نے غازی گھاٹ پر مخیر حضرات کی رہنمائی کےلئے قائم کاؤنٹر کا معائنہ بھی کیا اور کہا کہ امددادی سامان کی تقسیم میں شفافیت برقرار رکھی جائے۔
چیف سیکرٹری نے بوائے سکاؤٹس کے ہمراہ بستی زنگلانی میں سیلاب متاثرین میں راشن بھی تقسیم کیا اور کہا کہ
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان انور بریار نے چیف سیکرٹری کو امداد اور بحالی کے کاموں بارے بریفنگ دی اور کہا کہ نقصانات کے ازالے کیلئے ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے سروے شروع کر دیا گیا ہے۔ضلع میں62 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں، ڈی جی خان میں 28، کوٹ چھٹہ میں 11، تونسہ میں 19، کوہ سلیمان میں 4 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں اب تک 12614 ٹینٹس، 39 ہزار راشن بیگز تقسیم کئے گئے ہیں۔
محکمہ آبپاشی کے حکام نے چیف سیکرٹری کو ویڈور کے مقام پر پہاڑی سیلابی ریلوں کی گزرگاہوں بارے بریفنگ دی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شہریار سلطان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر بھی انکے ہمراہ تھے۔











