پشاور، 5 ستمبر(اے پی پی): چارسدہ پولیس مندنی نے بین الضلاعی موٹرسائیکل چور گروہ کے 5 ملزمان گرفتار کرکے انکے قبضہ سے چوری شدہ18موٹرسائیکل برامد کرلئے ہیں، اس بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایس پی تاج محمدخان نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے سے مندنی پولیس کو موٹر سائیکل چوری کی پے در پے رپورٹس موصول ہورہی تھیں جس پرڈی پی او چارسدہ سہیل خالد نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ سجاد خان کی نگرانی ڈی ایس پی تنگی تاج محمد خان ،ایس ایچ او مندنی فضل داؤد خان،اے سی ملاکنڈ مخب اللہ خان،سی آئی او مندنی طاہر خان،انچارج چوکی بدرگہ سیف الرحمان خان،اے ایس آئی خبیب اللہ خان اور دیگر پولیس افسران پر ٹیم تشکیل دی-
ٹیم نے چند مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے چور گینگ کے سرغنہ فاروق ولد شہزاد سکنہ ملاکنڈ کو گرفتار کرلیا جس نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے،ٹیم نے کاروائی کو جاری رکھتے ہوئے ملزمان عبدالرحمن ولد لعل زادہ سکنہ شکور، بلال ولد مہردین سکنہ شکور ،اشرف ولد طاؤس خان سکنہ ملاکنڈ ،سحر علی ولد سلطان زیب سکنہ ملاکنڈ کو گرفتار کرکےان کے قبضے سے18 عدد موٹر سائیکل برامد کرلئے۔
برامد شدہ موٹر سائیکلوں میں 7 عدد ہنڈا 125 موٹر سائیکل اور 11عدد 70 موٹر سائیکل شامل ہیں ،گرفتار ملزمان کا تعلق صوبہ بھر کے مختلف اضلاع سے ہے۔ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ مندنی منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی تاج محمد خان کا کہنا ہے کہ ملزمان پر مشتمل گروہ صوبہ کے دیگر اضلاع سے بھی چوری کے وارداتوں میں ملوث ہیں۔ملزمان موٹرسائیکل چوری کرنے کے بعد ان میں تبدیلیاں کرکے مخصوص افراد پر فروخت کرتے تھے۔
ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد کی احکامات کے مطابق جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیوں کی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے جرائم کی روک تھام ہماری اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان ومال کی تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے اور پولیس فورس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔











