وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت آج ڈپٹی کمشنر آفس مٹیاری میں ایک اہم اجلاس منعقد

13

مٹیاری،5 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ سندھ کے خصوصی احکامات پر وزیرروینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں اور وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت آج  ڈپٹی کمشنر آفس مٹیاری میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ضلع مٹیاری میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، نیوسعیدآباد، مٹیاری اور ہالا کے نشیبی علائقوں سے نکاسی آب، امدادی سرگرمیوں اور و دیگر امور پر متعلقہ افسران سے بریفنگ لی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پر وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن ضلع مٹیاری میں آئے ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کو تیز سے تیز کرکے متاثرین کی مدد کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے اجلاس میں ضلع مٹیاری کے حساس علائقوں چھنڈن موری، مہران ہائی وے، نیوسعیدآباد سمیت مختلف علائقوں میں کھڑے برساتی پانی، امدادی سرگرمیوں اور ضروریات سے متعلق آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انہوں نے چھنڈن موری اور ڈھ دری کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا تھا جہاں ضلعی انتظامیہ تمام مطلوبہ مشینری کے ساتھ موجود تھی جس کے باعث چھنڈن موری کی پیچیدہ صورتحال پر قابو پایا گیا، چھنڈن کی مضبوطی اور نیوسعیدآباد سے نکاسی آب کے لئے سندھ حکومت سے جو بھی مشینری درکار ہوگی اس کا فی الفور بندوبست کیا جائے گا، نکاسی آب کے لئے ضلعی انتظامیہ کے مجوزہ پلان کے علاوہ دوسرے آپشن پر بھی غور کیا جاسکتا ہے کیونکہ جتنی دیر نیوسعیدآباد کے دیہات میں پانی کھڑا رہے گا اس سے اسے اتنا ہی بڑا نقصان ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد عدنان رشید نے اجلاس میں بتایا کہ بارشوں کے باعث 50 ہزار سے زائد افراد نے نقل مکانی کی ہے، 90 فیصد فصلیں تباہ ہوئی ہیں، ضلع کی 22 دیھ مکمل زیر آب ہیں، 66  ریلیف کیمپوں میں  7518  متاثرین کو پکہ ہوا کھانہ، پانی، ادویات، خیمے، مچھردانیاں فراہم کی گئی ہیں۔

بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بارشوں سے سندھ کے  23  اضلاع متاثر ہوئے ہیں اس لئے متاثرین کی مدد میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے احکامات پر سندھ کے تمام وزراء، مشیران اور منتخب اراکین و کارکن متاثرین کی مدد کے لئے میدان میں ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ضلع مٹیاری کے لئے مقرر کردہ رین ایمرجنسی فوکل پرسن مخدوم محبوب الزماں کی سربراہی میں تمام ادارے اچھے طریقے سے کام کررہے ہیں، مجھے بھی وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی طور پر یہاں بھیجا ہے تاکہ امدادی کارروائیوں کو مزید موثر طریقے سے سرانجام دیا جاسکے۔