لاہور ، 6 ستمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ میڈیا ہر قسم کی معلومات کی فوری ترسیل اور معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، مثبت صحافت کا جمہوریت کے فروغ اور مسائل کی نشاندہی کر کے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے،مثبت تنقید ہمیشہ آپ کو بہتر کرنے اور آگے لے جانے میں مدد کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے منگل کو یہاں پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریسرچ کے طلبہ کے وفد سے گفتگو میں کیا، وفد نے پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ڈائریکٹر سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز اور چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریسچ کی قیادت میں ملاقات کی۔
گورنر پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے طلبہ کے مطالعاتی دورں کے لیے کھلے ہیں، سچائی میں دائمی کامیابی ہے، طلبہ اعلی اخلاقی قدریں اپنائیں، اساتذہ بھی طلبہ کو مختلف مضامین کی مہارتیں سکھانے کے ساتھ ان کی کردار سازی پہ خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ عملی زندگی میں صحافتی اخلاقیات پر سختی سے عمل کریں، عملی زندگی میں قدم رکھیں تو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں عظیم تر قومی مفاد میں پورا کریں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ سوشل میڈیا ہر ایک کی زندگی کا لازمی حصہ اور عوام کو متحرک کرنے کا طاقتور ہتھیار بن چکا ہے، سوشل میڈیا کو اخلاقی قدروں کو سامنے رکھتے ہوئے ذمہ داری سے استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، تعلیم یافتہ اور باشعور نوجوان ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں نوجوانوں کو جدید مہارتوں، تنقیدی صلاحیتوں اور کمیونیکیشن سکلز سے پوری طرح لیس ہونا چاہیے اور نوجوان روزانہ کی بنیاد پر اپنے علم میں اضافہ کریں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ کا آنے والا ہر دن گزشتہ کل سے بہتر ہونا چاہیے، طلبہ اس مشکل وقت میں اپنے سیلاب زدگان ہم وطنوں کے لیے فلڈ ریلیف مہم میں بھرپور حصہ لیں۔
ڈاکٹر نوشینہ نے طلبہ کو گورنر ھاؤس آنے کا موقع فراہم کرنے پر گورنر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ طلبہ نے گورنر ہاؤ س کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر میاں احمد حنان، پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین، سینئر وزیٹنگ فیکلٹی ڈاکٹر وقار چوہدری اور ہانگ کانگ یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر محمد انوار الحق بھی موجود تھے۔











