لاہور ،06ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ریلیف فنڈ کی پائی پائی متاثرین کی بحالی پر خرچ ہو گی، ریلیف فنڈ کی موثر مانیٹرنگ سے شفافیت یقینی بنائی جائے گی، مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کا جذبہ لائق تحسین ہے، مشکلات میں گھرے افراد کے کام آنا اللہ تعالیٰ کے نزدیک نہایت پسندیدہ عمل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں لاہور جمخانہ کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں چیئرمین میاں مصباح الرحمٰن کی سربراہی میں کمیٹی آف مینجمنٹ کے ارکان شامل تھے۔ میاں مصباح الرحمٰن نے لاہور جمخانہ کی طرف سے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کو وزیر اعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں 20 ملین روپے کا چیک دیا۔ لاہور جمخانہ کے وفد نے سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی خدمات کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کا جذبہ لائق تحسین ہے، مشکلات میں گھرے افراد کے کام آنا اللہ تعالیٰ کے نزدیک نہایت پسندیدہ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مخیر حضرات کی جانب سے متاثرین کیلئے مالی مدد دوسروں کیلئے قابل تقلید مثال ہے،صاحب حیثیت افراد آگے آئیں اور اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل سیلاب سے اتنے بڑے پیمانے پر تباہی نہیں ہوئی، سیلاب متاثرہ علاقوں میں خصوصی میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے،میڈیکل کیمپس میں ضروری طبی سہولتیں اور وبائی امراض سے بچاؤ کی ادویات وافر موجود ہیں۔
لاہور جمخانہ کے وفد میں ڈاکٹر جواد ساجد،ڈاکٹر علی، رزاق،شوکت جاوید،کامران لاشاری، پرویز بھنڈارا، سرمد ندیم، واجد عزیز خان، ثمرہ معروف خان،احسن سعید،اولاد حسین رضوی ،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر اور سیکرٹری اطلاعات بھی اس موقع پر موجود تھے۔











