سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئر مین مشاہد حسین سید کی سربراہی میں کمیٹی اراکین کی لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری

17

اسلام آباد،06ستمبر  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع نےقومی سیاسی قیادت اور پارلیمان کی جانب سے شہداء کو سلام پیش کرنے اور یکجہتی کے لئےلانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی۔ کمیٹی  نے لانس نائیک محمد محفوظ اور پاک فوج کے دیگر شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم جو آزادی کا سانس لے رہے ہیں اس میں ہمارے شہدا ءکا لہو شامل ہے ، پوری قوم کو پاک فوج اور شہداء پر فخر ہے ۔

منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید کی سربراہی میں کمیٹی اراکین زرقا سہرودی، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف وسیم شہزاد ، انجینئر رخسانہ زبیری اور ولید اقبال  نے لانس نائیک  محمدمحفوظ شہید کے مزار کا دورہ کیا۔ لانس نائیک  محمد محفوظ شہید کے مزاد پہنچنے پر  میجر جنرل ممتاز حسین ، میجر جنرل خرم سرفراز اور بریگیڈئر اعجاز قمر کیانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کا استقبال کیا ۔ چیئرمین کمیٹی مشاہد حسین سید نے فوجی حکام کے ہمراہ لانس  نائیک محمد محفوظ شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جس کے بعد پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔کمیٹی کے اراکین نے  لانس نائیک محمد محفوظ شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی ۔

 اس موقع پر سینٹ  کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ آج سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع ، قومی سیاسی قیادت اور پارلیمان کی جانب سے شہدا ءکو سلام پیش کرنے کے لئے یہاں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج جہاں پاکستان کا دفاع یقینی بنا رہی ہیں وہی  پاکستان کے اتحاد اور استحکام کی بھی ضامن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کسی بھی دشمن کا مقابلہ کرنے اور وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے کیلئےکے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ میرا تعلق شہدا ءکی سرزمین گوجر خان کے ساتھ ہے ،جب  سے آنکھ کھولی یہ ہی سنا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، شہدا اللہ تعالیٰ کے خاص بندے ہوتے ہیں جس مٹی پر شہید کا خون گرتا ہے وہ مٹی بھی عظیم ہوتی ہے ، فوج اور عوام دوبازوہیں ،فوج عوام کے ساتھ اور عوام فوج کے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے ہم نے ملکر ایک دوسرے کی طاقت بننا ہے اور اپنے ملک کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ افواج پاکستان نے ہمارے سر فخر سے بلند کیے ہیں ۔

سینیٹر انجنیئر رخسانہ زبیری نے کہا کہ آج سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کے لئے خوشی کی با ت ہے کہ یوم دفاع و شہدا ءکے موقع پر ہم محمد محفوظ شہید کے مزار پر موجود ہیں ،محمد محفوظ شہید جیسے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان کی حفاظت یقینی بنائی اسی لئے ایسے قومی ہیروز کو نشان حیدر جیسے اعزازات سے نوازا گیا ، ہم سب افواج پاکستان اور شہدا ءکے ساتھ ہیں ، ہمیں فخر ہے کہ شہدا کی قربانیوں کی بدولت ہم آج آزادی کا سانس لے رہے ہیں ۔

سینیٹر زرقاسہروری نے کہا کہ آج 6 ستمبر کا اہم ترین دن ہے ، ہماری افواج نے قربانیاں دیکر ملکی دفاع کو مضبوط سے مضبوط تر بنا یا ہے ،الحمداللہ ہم آزاد ہیں ،ہماری افواج ہمارا فخر ہیں ۔

سینیٹر ولید اقبال (علامہ اقبال کا پوتا) نے اپنے خیالات کا اظہار علامہ اقبال کی نظم “یہ غازی  یہ تیرے پراسرار بندے” سنا کر کیا ۔  چیئرمین کمیٹی اور دیگر اراکین سمیت تقریب میں موجود لوگوں کی  خوب  داد سمیٹی۔بعد ازاں سینٹ قائمہ  کمیٹی  کےچیئرمین اور اراکین نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی بہنوں سے ملاقات کی ۔