فیصل آباد،10 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد پولیس نے سکیورٹی کمپنی کی گاڑی سمیت 4کروڑ 96لاکھ روپے کی رقم لیکر فرار ہونیوالے ڈرائیورکو 24 گھنٹے کے اندر اندر ساتھی سمیت گرفتاراور رقم بھی برآمد کرلی جس پرآر پی او نے متعلقہ پولیس پارٹی کو شاباش اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر معین مسعودنے ہفتہ کے روز پولیس لائن کمپلیکس میں سٹی پولیس آفیسر عمر سعید ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بینکوں کو رقوم منتقل کرنیوالی سکیورٹی کمپنی مسٹینگ کا ڈرائیور عبد العزیزجمعہ کے روزپولیس تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ اواگت سے گاڑی میں موجودایم سی بی کی 4 کروڑ96 لاکھ روپے کی رقم لیکر فرار ہوگیاجس پر پولیس تھانہ جڑانوالہ نے ملزمان عبدالعزیز وغیرہ کے خلاف مقدمہ نمبر828/22 زیر دفعہ 408 ت پ درج رجسٹرڈ کیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشز محمدافضل،ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد اجمل اورایس پی جڑانوالہ ڈویژن ارتضیٰ کمیل کی سربراہی میں پولیس ریڈنگ پارٹیاں تشکیل دی گئیں جنہوں نے جدید تکنیکی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے24گھنٹے کے اندر اندر2 ملزمان عبد العزیز وغیرہ کوگرفتار کر کے ان سے مسروقہ رقم بر آمد کر لی۔
آر پی او فیصل آباد نے متعلقہ پولیس افسران کو تعریفی سر ٹیفکیٹس سے نوازتے ہو ئے کہا کہ پولیس افسران یقینا ًمبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے جدید تر وسائل بر وئے کار لاتے ہو ئے ملزمان کو 24گھنٹے میں گرفتار کر کے رقم برآمد کر لی۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کے حصول کیلئے نیک نیتی اور مسلسل محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی آپریشز محمدافضل،ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد اجمل،ایس پی جڑانوالہ ڈویژن ارتضیٰ کمیل اور دیگر پولیس حکام بھی موجود تھے۔پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی کمپنی کی رقم وصول کرنے والی مذکورہ گاڑی نے اواگت کے نجی بینک سے رقم و صول کی لیکن جب گارڈز کاغذات لینے کیلئے بینک کے اندر گئے تو پیچھے گاڑی میں موجود ڈرائیور عبدالعزیز رقم سمیت گاڑی لیکر فرار ہوگیا۔وقوعہ کی اطلاع ملنے پرجب پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی اور ملزم کی تلاش شروع کی توگاڑی کھرڑیانوالہ کے قریب سے برآمدہوگئی تاہم اس کے لاکر کھلے ہوئے اور ڈرائیور رقم سمیت غائب ہوچکاتھا۔
پولیس نے گاڑی کے ساتھ ڈیوٹی پرمامور سکیورٹی گارڈزکو تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کی اور ملزم کی تلاش کیلئے ریڈنگ پارٹیاں تشکیل دی گئیں جنہوں نے ملزم اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی ہے۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔











