کراچی ،10ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اونتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے باعث انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، میرے پاس الفاظ نہیں جو دیکھا بیان نہیں کر سکتا ، سیلاب سے لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے، پاکستان کو فوری طور پر بڑی مالی امداد کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی ایئر پورٹ پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے جو تباہی دیکھی ہے دنیا میں کسی بھی آفت کے دوران اتنی تباہی نہیں دیکھی، اس صورتحال کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں، فصلیں تباہ ہوئی ہیں، جانور بہہ گئے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں لوگ اپنا گھر بار اور ذریعہ معاش سمیت سب کچھ کھو چکے ہیں ایسی صورتحال پاکستان میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اونتونیو گوتریس نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج کا بڑا مسئلہ ہے، پاکستان دوسرے ممالک کے اقدامات کی قیمت چکا رہا ہے، کاربن کے پھیلائو میں جی 20 ممالک کا حصہ 80 فیصد ہے، ترقیاتی ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آگے آنا چاہیے، صنعتی ممالک کو بدترین کاربن کے اخراج میں کمی کرنی چاہئے، آج پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہے تو کل کوئی اور ملک ہو گا، اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل میں بہت زیادہ خطرہ ہو گا۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اقوام عالم اور عالمی اداروں کو پاکستان کی مدد کرنی چاہئے کیونکہ پاکستان کو لاکھوں افراد کی بحالی کیلئے فوری طور پر بڑی مالی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو سنجیدگی سے اس بات کو سوچنا ہو گا کہ آفت کی صورت میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کس طرح کی جائے، انہیں پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کو مشکل مالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مدد کیلئے نیا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔











