ترک ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے اپنے ہسپتالوں کواپ گریڈ کر سکتے ہیں؛میاں اسلم اقبال

11

لاہور06 اکتوبر (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور ڈپٹی وزیر صحت ترکیہ ایسوسی ایٹ پروفیسرٹولگاٹولانی  کے ہمراہ ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں تین روزہ پاکستان ترکیہ میڈیکا ایکسپو 2022ء کا افتتاح کیا۔ تین روزہ میڈیکا ایکسپو میں پاکستانی اور ترکیہ میڈیکل، فارمااور بائیو میڈیکل کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے ہیں۔افتتاح کے بعد سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک، ڈپٹی وزیر صحت ترکیہ، قونصل جنرل ترکیہ نے سٹالز کا معائنہ کیا۔

سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں ترکیہ، چین، سنگا پوراور دیگر ممالک نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور یہ سرمایہ کاری درآمدات کا متبادل ہے۔ فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زونز میں ترکیہ سرمایہ کاروں نے مختلف شعبوں میں 500 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ہیلتھ کارڈ کا اجراء پنجاب حکومت کا صحت کے شعبے میں انقلابی اقدام ہے۔ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مفت مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے برادرانہ، دوستانہ اور مذہبی تعلقات قائم ہیں۔ سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت،ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا نظر آیا ہے۔ ترکیہ کو میڈیکل ٹیکنالوجی میں بھی نمایاں مقام حاصل ہے۔ ہم ترک ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے اپنے ہسپتالوں کواپ گریڈ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے وفاقی سطح پر سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی بنائی تھی۔پنجاب میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز بنایا جارہا ہے اور ہم سپیشل اکنامک زونز اور سپیشل ٹیکنالوجی زونز میں ترک سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔