لاہور، 7 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی ڈینگی کنٹرول کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور چیف سیکرٹری عبد اللہ خان سنبل نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ہائی رسک اضلاع میں تعینات ڈینگی ورکرز کی فیزیکل ویریفیکیشن کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جوکہ محکمہ صحت کے سینئر افسرن پر مشتمل ہوگی۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزسے عارضی سٹاف کی فہرستیں طلب کی گئی۔ تمام سی ای اوز ہیلتھ کو ڈینگی ایس او پیز کی بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے ہدایات جاری کی گئیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے سلسلے میں اگلے 15روز انتہائی اہم ہیں۔انھوں نے ہدایت دی کہ ایس و پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق بھاری جرمانے عائد کئے جائیں، ہاٹ سپاٹس میں سرویلنس بڑھانے کیلئے ڈینگی ورکرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل نے کہا کہ ماہرین کا پینل ڈینگی ایس او پیز کا از سر نو جائزہ لیکر سفارشات پیش کرے۔ انہوں نے ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے، شہری ڈینگی کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد احمد نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ڈینگی ورکرز کی آن لائن ٹریننگ کیلئے ماڈیولز تیار کر لئے گئے ہیں۔ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مختلف شہروں میں 263افراد گرفتار، 1064مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ لاہور میں 206افراد گرفتار، 523مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ راولپنڈی میں 24گرفتاریاں، 223مقدمات درج کیے گئے۔ رواں سال ڈینگی کے8383 کنفرم کیسز اور 12اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اے پی پی /لاہور/حامد











