اسلام آباد،8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ حضور ا کرم ؐ نے فطری طرز زندگی کا تصور پیش کیا اور ہمیں نبی کریم ؐ کے نقش قدم پر چلنا چاہئے،نبی رحمت ؐکی زندگی تمام انبیاء کرام کی صفات کا احاطہ کئے ہوئے ہے ، نبی کریم ﷺ کی اتباع اور انکی خوشنودی عین ایمان ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی این سی اے میں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمارے نبی حضرت محمدؐ نے معاشرے میں ظلم اور ناانصافی کی ممانعت کی، حضوراکرمؐ نے فطری طرز زندگی کا تصور پیش کیا اور ہمیں نبی کریمؐ ۖکے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی اکرمؐ خاتم النبیین نے معاشرے کے غریب اور دبے ہوئے طبقوں کو پناہ دی اور خواتین کو ان کے جائز حقوق دیئے، نبی کریم حضرت محمدؐ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے نمونہ حیات ہے،ہمیں نبی کریم حضرت محمدؐ کے پیغام کو آگے پھیلانا ہے۔











