اسلام آباد،8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ حضور ا کرم ؐ نے فطری طرز زندگی کا تصور پیش کیا اور ہمیں نبی کریم ؐ کے نقش قدم پر چلنا چاہئے،نبی رحمت ؐکی زندگی تمام انبیاء کرام کی صفات کا احاطہ کئے ہوئے ہے ، رسول اکرم ؐ کی سیرت اور شان کے بارے میں دنیا میں بہت کچھ لکھا گیا ، حضور اکرمؐ ۖ کی حیات طیبہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی این سی اے میں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی، حافظ طاہر اشرفی سمیت علمائے کرام، نعت خواں ودیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادبھی موجود تھے ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمارے نبی حضرت محمدؐ نے معاشرے میں ظلم اور ناانصافی کی ممانعت کی، حضوراکرمؐ نے فطری طرز زندگی کا تصور پیش کیا اور ہمیں نبی کریمؐ ۖکے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی اکرمؐ خاتم النبیین نے معاشرے کے غریب اور دبے ہوئے طبقوں کو پناہ دی اور خواتین کو ان کے جائز حقوق دیئے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ نبی کریم حضرت محمدؐ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے نمونہ حیات ہے،ہمیں نبی کریم حضرت محمدؐ کے پیغام کو آگے پھیلانا ہے،پاکستان اسلام کے نام پر بنا،کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضور نبی کریم صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم کو سارے جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے،آپﷺ رحمت العالمین تھے انکی رحمت کا فیض آپ کی سیرت اور تعلیمات کی صورت میں نہ صرف مسلمانوں کو ملتا ہے بلکہ آپ ﷺ کی رحمت کا فیض پوری انسانیت کو پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت سے محبت کرنے، انسانیت کی خدمت کرنے ،انسانیت کیلئے آسانیاں پیدا کرنے اور انسانیت کیلئے فائدہ مند ثابت ہونے کی تعلیمات دیں ۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کو عدل و انصاف پر مبنی دستور حیات دیا ، قرآن پاک کی تعلیمات اور سنت نبی صلی اللہ پر عمل پیرا ہو کرتمام چیلنجز کوحل کیا جاسکتاہے ۔انہوں نے دو روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کے انعقاد پر وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے وفاقی وزیرمفتی مولانا عبدالشکور کی قیادت میں عازمین حج کو فی حاجی ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کی رقم ریفنڈ کر کے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے ۔انہوں نے علماء اور مشائخ پر زور دیا کہ وہ قوانین کا جائزہ لیں اور موجودہ قوانین کی ان شقوں کی نشاندہی کریں جو اسلامی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتیں تاکہ ان پر غور کر کے ان میں بہتر ی لائی جا سکے ۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی اور وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سیرت النبی ﷺ پر مختلف مقامی زبانوں میں کتابیں لکھنے والے معروف مذہبی اسکالرز میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔سیرت النبی ؐکانفرنس میں نعت خوانوں کے لئے خصوصی محفل سجائی گئی ۔











