فیصل آباد،17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات چوہدری محمدشہباز بابر نے کہا ہے کہ غربا و بے سہاراافراد کی بے لوث خدمت و مدد عین عبادت ہے اسلئے صاحب ثروت افراد،مخیر اور باحیثیت حضرات کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی بے پایاں نعمتوں کا شکر ادا کرنے کیلئے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جبکہ بے سہارا غریبوں کی خدمت کا جذبہ انہیں ورثے میں ملا ہے لہٰذا وہ سیاست سے بالا تر ہو کر اپنے آباؤاجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کار خیر کے کاموں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
وہ پیر کے روز اپنے آبائی علاقہ چک نمبر 467گ ب شریف آباد سمندری میں الشریف فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کے زیر اہتمام 20جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں نئے شادی شدہ جوڑوں کے عزیز و اقارب، علاقے کی ممتاز سیاسی،سماجی و مذہبی شخصیات اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
چوہدری محمد شہباز بابر نے کہا کہ بے سہارا اور غریبوں کی خدمت کرنا انہیں ورثے میں ملا ہے جسے وہ سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جاری و ساری رکھنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ الشریف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہر سال بڑی تعداد میں مسلمان اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے جوڑوں کی شادیاں کروائی جاتی ہے اور یہ سلسلہ کئی سالوں سے چلا آرہا ہے۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ غربا اور بے سہارا لوگوں کی خدمت کا شرف انہیں اپنے والد چوہدری محمد شریف مرحوم کی جانب سے ورثے میں ملا ہے جسے وہ مستقبل میں بھی جاری و ساری رکھیں گے۔
تقریب سے خطاب میں علاقہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے الشریف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونیوالی اجتماعی شادیوں کے جذبہ کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ چوہدری شہباز بابر اپنے والد کی جانب سے ورثے میں ملنےو الے اس نیک کام کو مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے سے جاری رکھیں گے۔
تقریب کے آخر میں نئے شادی شدہ جوڑوں کو زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر مبارکباد دی گئی اور ان میں تحائف و جہیز کا سامان تقسیم کیا گیا جبکہ شرکا کیلئے پرتکلف کھانے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔شادی شدہ جوڑوں اور ان کے عزیز و اقارب نے پر وقار تقریب کے انعقاد پر وفاقی پارلیمانی سیکر ٹری برائے اطلاعات و نشریات چوہدری محمد شہباز کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کے والد محمد شریف مرحوم کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔











