اسلام آباد،17اکتوبر (اے پی پی):سابق معاون خصوصی حنیف عباسی اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سنیٹر احمد خان، ضیاء اللہ شاہ اور راجہ حنیف ایڈووکیٹ سابق ایم پی ایز، سردار نسیم خان سابق میئر راولپنڈی اور فرح ناز اکبر صدر مسلم لیگ ن خواتین ونگ اسلام آباد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی اور ڈاکٹر فضل طارق چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے میں ایک نئے صنعتی زون کے قیام اور سی ڈی اے بورڈ میں چیمبر کی نمائندگی کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے لیے گیارہ نئے روٹس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور جلد شہریوں کو دارالحکومت کی سڑکوں پر الیکٹرک بسیں چلتی نظر آئیں گی جو نہ صرف معیاری ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی بلکہ ٹریفک کے رش میں بھی پچاس فیصد کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس اور راول روڈ انٹر چینج سمیت جڑواں شہروں کے تمام کھٹائی میں پڑے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو بحال کر دیا گیا ہے جن پر کام جاری ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل کو حل کیا جا ئے اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دیا جا ئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ آئی جے پی روڈ پر کام کو تیز کرنے اور دیگر مسائل کو حل کرنے میں چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے تاجر برادری سے بھی کہا کہ وہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
سنیٹر احمد خان نے بھی اس بات پر زور دیا کہ حکومت صنعتی زون کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے اور سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی کیلئے آئی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی سی سی آئی صنعت کاری کو فروغ دینے اور سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی کے لئے طویل عرصے سے کوشاں ہے تا کہ بزنس کمیونٹی کے مفادات کا بہتر تحفظ ہو لہذا انہوں نے دونوں سیاستدانوں سے درخواست کی کہ وہ ان کاشوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں آئی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دارالحکومت کو احتجاجوں و دھرنوں سے پاک شہر بنایا جائے اور ایسی سرگرمیوں کے لیے الگ جگہ مختص کی جائے تاکہ کاروبار کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور مسافروں کو مسائل سے بچانے کے لیے آئی جے پی روڈ پر کام کو تیز کیا جائے اور پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے دارالحکومت کی ہر بڑی مارکیٹ میں پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جا ئے۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے اس موقع پر سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے حنیف عباسی کو دس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ خالد جاوید، میاں اکرم فرید، زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی، باصر داؤد، شیخ عامر وحید، محمد نوید ملک، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔











