اسلام آباد،18اکتوبر (اے پی پی):وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے گیس کے دو اضافی کارگوز کا انتظام کرلیا ہے، گذشتہ سال کی نسبت رواں سال موسم سرما میں گیس کی صورتحال بہتر ہوگی،سرکاری کمپنیاں عوام کو ایل پی جی سلنڈرز فروخت کریں گی، وزیراعظم توانائی کے شعبے میں خودکفالت کےلئے جلد بڑے پروگرام کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کویہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورحکومت میں جب گیس سستی تھی تو خریداری کا معاہدہ نہیں کیا گیا ، 2 اور4 ڈالر کی ایل این جی اس وقت لے سکتے تھے آج40 ڈالر میں بھی دستیاب نہیں ہے، حکومت نے دو اضافی کارگوز کا انتظام کرلیا ہے ، جنوری کےلئے پچھلے سال 9 کارگوز منگوائے گئے تھے ، رواں سال 10 کارگوز دستیاب ہونگے ، فروری کےلئے پچھلے سال 8 بحری جہاز منگوائے گئے تھے، رواں سال 9 بحری جہاز منگوائے جارہے ہیں، جنوری اور فروری 2023کےلئے ایک ایک اضافی کارگو کا انتظام کیا گیا ہے، پچھلے سال سردیو ں کی نسبت رواں سال سردیوں میں گیس کی صورتحال بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل ، ایس ایس جی سی ، پارکو اورپی ایس او کو کہا گیا ہے کہ جتنی گیس کی قلت ہے ایل پی جی منگوائیں ، ایس این جی پی ایل پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایل پی جی کے سلنڈر فروخت کرے گی، ایس ایس جی سی 20 ہزار ٹن اضافی ایل پی جی منگوا رہی ہے ، سلنڈرز خریدے جارہے ہیں، گیس کی ترسیل کےلئے بائوزرز کا بھی انتظام کیا جارہا ہے، صارفین سے اپیل ہے کہ وہ بھی گیس کے استعمال میں کفایت شعاری اپنائیں، بوائلرز اور ہیٹرزکا کم سے کم استعمال کیا جائے، کم گیس خرچ والے چولہے اور گیزر استعمال کئے جائیں۔











