نارووال،19 اکتوبر( اے پی پی): ریسکیو 1122 گوجرانوالہ ڈویژن کے ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد نے ریسکیو 1122 نارووال آفس کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر نعیم اختر نے ریجنل ایمرجنسی آفیسر کا پرتپاک استقبال کیا، ریسکیو کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
اس موقع پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کا قیام ڈاکٹر رضوان نصیر کی انتھک محنت،لگن اور کاوشوں کی بدولت ہے، پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ریسکیو 1122 حادثات اور سانحات میں انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والا ادارہ ہے۔ ریسکیورز ہر قسم کی ہنگامی صورتحال میں بروقت پہنچ کر اپنے لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کرتے ہیں۔
سید کمال عابد نے کہا کہ موٹر بائیک سروس سے عوام الناس کو تنگ گلیوں میں انکی دہلیز پر بر وقت ایمرجنسی سروس ملے گی۔ انہوں نے کنٹرول روم انچارج کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حادثات کے کم سے کم اوسط ریسپانس ٹائم کو برقرار رکھنے کے لئے ایمرجنسی وہیکلز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔
ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر نعیم اختر کے ہمراہ نارووال کے سٹاف کا ٹرن آوٹ ، ڈسپلن ، یونیفارم ،حاضری، سٹاف کا پروفیشنل نالج، گاڑیوں کی مینٹینینس، بلڈنگ،ریسکیو کنٹرول روم، ان ہاوس ورکشاپ، ایمرجنسی وہیکلز کے سازو سامان کی انسپکشن کی۔انہوں نے ریسکیو 1122 نارووال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نعیم اختر کی کوششوں کو سراہا۔











