اوکاڑہ،19اکتوبر(اے پی پی): الخدمت پنجاب ویلفئیرایسوسی ایشن ریٹائرڈ پولیس افسران کے زیر اہتمام تیسرے سالانہ کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبے بھر سے ریٹائرڈ پولیس افسران، ملازمین نے شرکت کی ۔کنونشن میں ریٹائرڈ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے تجاویز پیش کی گئیں ۔
کنونشن میں ریٹائرڈ انسپکٹر چوہدری مشتاق احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں پہلی بار یہ یونین قائم کی گئی ہمیں اپنے ریٹائرڈ ہونے والے بھائیوں کی فلاح کےلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا ۔
ریٹائرڈ ڈی ایس پی عزیز اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے دوران سروس اپنے مشاہدات بیان کئے اور بتایا کہ افسران کا رویہ اپنے ماتحت کے ساتھ کیسا ہوتا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ،صرف ریٹائرڈ ہونے والے پولیس ملازمین کا خیال نہیں رکھنا بلکہ حاضر سروس ملازمین کی فلاح کا کام بھی کرنا ہے۔ حاجی قاسم علی نے کہا میں یونین کا بانی ہوں میں نے اصغر علی سہتی کو یونین بنانے کا مشورہ دیا جس نے عملی طور پرآغاز کیا۔











