کسی بھی سرکاری ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجہ میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی؛ ڈاکٹریاسمین راشد

17

 لاہور، 20اکتوبر( اے پی پی ):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب کے کسی بھی سرکاری ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں مریضوں کے علاج معالجہ میں غفلت کی صورت میں متعلقہ سربراہ یا ایم ایس کوذمہ دارٹھہرایاجائے گا، کسی بھی سرکاری ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجہ میں ایک فیصدبھی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان  خیالات کا  اظہا ر انہوں نے   جمعرات کو یہاں محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس  کی صدارت کرتے  ہوئے کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایمرجنسی پروٹوکولز،ادویات کی فراہمی اور ریفرل سسٹم کے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا۔وائس چانسلرز،پرنسپلز،ایگزیکٹو ڈائریکٹرزاور ایم ایس حضرات نے ایمرجنسی میں مریضوں کے بہترعلاج معالجہ کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو قیمتی آراء و تجاویز پیش کیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کے پیڈریٹک سرجری میں فوری طورپر 10بسترمختص کئے جائیں،سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی ایمرجنسیزمیں مریضوں کے بہترعلاج معالجہ کوبہتربنانے کیلئے خصوصی کمیٹی ایک ہفتہ بعداپنی تجاویزپیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ  عوام کے ٹیکسوں سے بنائے گئے ہسپتال صرف عوام کو بہترعلاج معالجہ فراہم کرنے کیلئے ہیں، پنجاب کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی ایمرجنسیزکیلئے دوبارہ پروٹوکولز جاری کئے جارہے ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں 90ہزارسے زائد ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف بھرتی کئے ہیں،پنجاب کے ہر سرکاری ٹیچنگ ہسپتال میں آنے والے مریض کو علاج معالجہ کی بہترسہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ  آبادی میں اضافہ کے باعث پنجاب میں 23نئے بڑے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ  جناح ہسپتال لاہور میں برن سنٹرکی توسیع کرنے جارہے ہیں، لاہورمیں جنرل ہسپتال،جناح ہسپتال اور سروسزہسپتال کی نئی ایمرجنسیزبنائی جارہی ہیں۔