سیالکوٹ،22اکتوبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کہا ہے کہ 24اکتوبرسے ضلع سیالکوٹ میں سپلیمنٹری قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، 3روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر 7لاکھ67ہزار880بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے آج بنیادی مرکز صحت مراد پور میں انسداد ِپولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عثمان ڈار، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کامران فیصل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان محمود،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احمد ناصر، ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم مرزا، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر شیراز مسعود اورڈاکٹر شہزاد اقبال بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے کہاکہ سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس ملنے کے بعدصوبہ کے دیگر 12اضلاع کی طرح سیالکوٹ میں بھی سپلیمنٹری قومی انسداد پولیو مہم شروع کی جارہی ہے، تاہم گذشتہ مہمات کے بعد سیالکوٹ کے 2 انوائرمینٹل سمپلز کے ٹیسٹ میں پولیو وائرس کی رپورٹ نیگٹو آچکی ہیں جبکہ ایک ٹیسٹ باقی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ24اکتوبر سے شروع کی جانے والی سپلیمنٹری قومی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 2576موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر، 133فکسڈ ٹیمیں ڈسپنسریوں،بنیادی و دیہی مراکز صحت اور ہسپتالوں جبکہ 69ٹرانزٹ /رومنگ ٹیمیں ریلوے اسٹیشن، اہم چوکوں اور بس اسٹینڈز پر بچوں کو پولیو سے بچاوکے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ۔ اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈپٹی ڈی ایچ اوز ، 536ایریا انچارجز اور129 یو سی ایم اوزمانیٹرنگ کے فرائض انجام دیں گے اورضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنر ٹیموں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں گے۔ ضلع کی 100یونین کونسلوں میں خیمہ بستیوں میں اور سیزنل ہجرت کرنیوالے خاندانوں کے 6484بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر قطرے پلائے جائیں گے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار، ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی، ڈی پی او کامران فیصل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان محمود نے بی ایچ یو مراد پور میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کرمہم کا آغاز کیا۔











