لاہور، 23 اکتوبر ( اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اوروزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تاریخی مون سون اور سیلاب نے عوام کو ایک بڑے بحران میں ڈال دیا ہے، تمام سیاسی جماعتیں سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے ایک پیج پر جمع ہو جائیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں مقامی ہوٹل میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے 33ملین لوگ متاثر ہوئے جن میں 16ملین بچے ، چھ لاکھ حاملہ خواتین بھی شامل ہیں ، 4.5ملین ایکڑ رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرتباہی کسی اور ملک میں ہوتی تو اسے ایک قومی ایشو قرار دے کر اسے حل کرنے کی کوشش کی جاتی جبکہ ہمارے ہاں اس اہم ایشو پر بھی سیاست ہوتی رہی۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں میں گلوبل کاربن کا حصہ 0.9فیصد ہے مگر سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان متاثر ہوا ، دنیا ہماری مدد کرے آج اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو کل کوئی اور ملک ہماری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔











