نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کرپشن سے پاک نظام کی داغ بیل ڈالی، شفافیت کے لئے ای بڈنگ کا نظام متعارف کرایا؛وفاقی سیکرٹری مواصلات محمد خرم آغا

10

اسلام آباد،24اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے کرپشن سے پاک نظام کی داغ بیل ڈالتے ہوئے اربوں روپے کے تعمیراتی منصوبوں میں مکمل شفافیت کیلئے ای بڈنگ کا نظام متعارف کرایاہے،کرپشن سے پاک معاشرہ کے قیام کیلئے ہر فرد کو اپنی ذات سے احتسابی عمل شروع کرکے اِسے اپنی قومی،دینی،سماجی اور معاشرتی ذمہ داری سمجھ کر اپنا مثالی کردار ادا کرنا ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب اور این ایچ اے کے باہمی اشتراک سے این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز کے آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا موضوع “کرپشن سے پاک پاکستان ہمارا یقین محکم “رکھا گیا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو کے ڈپٹی چیئرمین ظاہر شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے ہمیں من حیث القوم خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہوگا اور قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر فوقیت دینا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو کو قائم ہوئے23 سال بیت چکے ہیں،اس ادارہ میں کئی تغیر و تبدل آئے مگر اس کی جملہ کارگزاری کو عالمی معیار کے مطابق جانچتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی پزیرائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف قوم کے ہر طبقہ میں ایک گہرا شعور بیدارکرنا ضروری ہے، جب تک قوم کے ہر فرد میں کرپشن کے خلاف احساس اور جذبہ اجاگر نہیں ہوگا، ہم اس ناسور سے مکمل نجات نہیں پاسکیں گے،  بدعنوانی کسی بھی قسم کی ہو معاشرہ کو اس سے پاک کرنے اور معاشرہ کی تطہیر و اصلاح کیلئے شعور کی بیداری بہت ضروری ہے۔

وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے اپنے اختتامی کلمات میں نیب کے ڈپٹی چیئرمین ظاہر شاہ اور ان کی جملہ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے کرپشن سے پاک نظام کی داغ بیل ڈالتے ہوئے اربوں روپے کے تعمیراتی منصوبوں میں مکمل شفافیت کیلئے ای بڈنگ کا نظام متعارف کرایاہے۔ کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے کہا کہ کرپشن سے پاک معاشرہ کے قیام کیلئے ہر فرد کو اپنی ذات سے احتسابی عمل شروع کرکے اِسے اپنی قومی،دینی،سماجی اور معاشرتی ذمہ داری سمجھ کر اپنا مثالی کردار ادا کرنا ہوگا۔

 چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے موجودہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ایچ اے فیلڈ افسران اور عملہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کرپشن ایک ناسور ہے،جس کے خلاف علم جہاد بلند کرنا قوم کے ہر فرد کی قومی،دینی،سماجی اور معاشرتی ذمہ داری ہے،اس ذمہ داری کو پوری دیانتداری کے ساتھ نبھانا قوم کے ہر طبقہ پر لازم ہے تاکہ ہم کرپشن سے پاک ریاست کے طورپر اقوام عالم میں سربلند و سرفراز ہوسکیں۔