لاہور، 25اکتوبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے فرانس کے سفیر نکولس گیلی نے پیر کو یہاں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے زراعت اورلائیوسٹاک سمیت دیگر شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس پر پاکستان کی حمایت کرنے پر فرانس کی حکومت کے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ فرانس جی ایس پی پلس سٹیٹس پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے فرانسیسی سفیرکا شکریہ بھی ادا کیا۔
گورنر پنجاب نے فرانس میں ہونے والے گزشتہ واقعات کے تناظر میں کہا کہ دوسروں کے جذبات کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں ،فرنسیسی سفیر نے اس بات پرگورنر پنجاب سے مکمل اتفاق کا اظہار کیا۔
اس موقع پر فرانس کے سفیر نکولس گیلی نے کہا کہ فرانس پاکستان میں تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔











