وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکاکی ملاقات، سمال ڈیمزبنانے کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

19

 

لاہور، 25اکتوبر(اے پی پی):  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے   پیر کو یہاں وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی ہے ،جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصاً پانی کے نئے ذخائر کی تعمیراورسمال ڈیمزبنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں ورکرز کی فلاح وبہبود،چائلڈ لیبر کے خاتمے،انسانی حقوق اوراقلیتوں کی ویلفیئر کیلئے کیے گئے اقدامات پربھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کورونا وباء کے دوران تعاون پریورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ہم یورپی یونین کے ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر دوڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے،جنوبی پنجاب کے علاقے کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کیلئے چھوٹے ڈیمزبنائے جائیں گے،ان ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف بارش کے پانی کو محفوظ بنایا جاسکے گابلکہ زرعی مقاصد کیلئے بھی پانی استعمال کیا جاسکے گا،یورپی یونین کی جانب سے ان منصوبوں کیلئے تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے،سیلاب زدگان کیلئے این جی او اخوت کے اشتراک سے گھر تعمیر کیے جائیں گے، یورپی یونین بھی سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کرسکتی ہے،سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کے کام کا آغازبھی  کردیاگیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے،چائلڈ لیبرکے خاتمے کیلئے قوانین کو مزید سخت بنایا جارہا ہے،لیبر لازکے نفاذ کو یقینی بنایاگیاہے جبکہ ورکرز کے حقوق تحفظ اوران کے بچوں کی فلاح وبہبود کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں اور  ورکرز اوران کی فیملیز کیلئے سوشل سکیورٹی ہسپتال بنائے ہیں،جہاں علاج معالجہ فری ہے،ورکرز کے بچوں کو شادی پر میرج گرانٹ دی جاتی ہے اورمیرج گرانٹ میں اضافہ بھی کیاہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کی فلاح وبہبود کیلئے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں،تعلیمی اداروں میں داخلے اورملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے کوٹہ مخصوص کیا ہے۔تحمل،برداشت، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی پاکستان ہماری منزل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان او ریورپی یونین کے ممالک کے مابین انتہائی دوستانہ اور معاشی تعلقات موجود ہیں،سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے یورپی یونین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

یورپی یونین کی سفیر نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہارکیا۔انہوں  نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے منصوبوں میں معاونت کا جائزہ لیں گے۔پنجاب حکومت کے ساتھ ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اچھے اقدامات کررہے ہیں۔

یورپی یونین کے فرسٹ قونصلر ڈینیئل کلاز، مشیر حسنین افتخار، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔