سرکاری ادارے لوگوں کی سہولت،عوامی مفاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، ڈی سی اوکاڑہ

17

اوکاڑہ،28اکتوبر (اےپی پی):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہاہےکہ سرکاری ادارے لوگوں کی سہولت اور عوامی مفاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں لوگوں کی مشکلات اور مسائل کا حل ہماری بنیادی ذمہ داری ہے جس سے روگردانی نہیں کی جاسکتی پرائس مجسٹریٹس گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کار وائیاں کریں لوگوں کے لئے تکلیف کا باعث بننے والے عناصر کسی صورت قابل معافی نہیں ہیں پرائس مجسٹریٹس اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت اور کوالٹی کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کے پرائس مجسٹریٹس کی کار کردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ میں پرائس مجسٹریٹس نے 20 ہزار 334 چھاپے مارے 145 مقدمات درج کرائے 30 دوکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 97 دوکانداروں کو گرفتار کیا گیا اور 21 لاکھ 14 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے۔