گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے  پاکستان پلاسٹک ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی

156

لاہور، 29 اکتوبر( اے پی پی ):  گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سےچیئرمین سید عظمت علی شاہ کی قیادت میں پاکستان پلاسٹک ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے،ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال اور کاروباری حضرات کو درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی ۔

اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملک اور عوام کی بہتری کیلئے کام کیا ،کاروباری برادری کا ملک کی معیشت کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں کردار قابل تحسین ہے، کسی بھی معاشرے کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے معاشی سرگرمیوں کا فروغ بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جلد قوم کو بہتر فیصلوں سے مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے، پاکستان اس وقت لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہوسکتا، لانگ مارچ جیسی سرگرمیاں تاجروں کے مسائل  میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔

 وفد نے  گورنر پنجاب کو مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافہ  سمیت تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد میں  ایسوسی ایشن کے صدر میاں ہارون رشید،سیکریٹری جنرل اسحاق جیلانی،فنانس سیکریٹری قاسم قریشی،لالہ یاسر،شاہد رفیق سمیت دیگر شامل تھے ۔