چنیوٹ،29اکتوبر( اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایت پر انٹر ڈسٹرکٹ پنجاب پولیس کے کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں ، ڈسٹرکٹ پولیس چنیوٹ کے زیراہتمام رسہ کشی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران احمد ملک نے رسہ کشی کے مقابلوں میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ رسہ کشی کے مقابلے میں چنیوٹ پولیس، فیصل آباد پولیس، جھنگ پولیس، ٹریفک پولیس فیصل آباد کی ٹیموں نے حصہ لیا۔رسہ کشی کے مقابلوں میں تمام ٹیموں کے آٹھ، آٹھ جوانوں نے حصہ لیا۔
رسہ کشی کے مقابلے کا فائنل ڈسٹرکٹ پولیس چنیوٹ ، ڈسٹرکٹ پولیس فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ۔ڈسٹرکٹ پولیس چنیوٹ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے رسہ کشی کا فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کر لی، ٹریفک پولیس فیصل آباد کی ٹیم نے رسہ کشی کے مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران احمد ملک نے شاندار کھیل پیش کرنے پر چنیوٹ پولیس کے جوانوں کو شاباش دی۔انہوں نے فاتح ٹیم، رنراپ ٹیموں میں ٹرافیاں، انعامات تقسیم کئے۔
ڈی پی او نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر چنیوٹ پولیس کی ٹیم کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹس، انعام کا اعلان کیا۔لوگوں کی بڑی تعداد رسہ کشی کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کیلئے میدان میں موجود تھی۔











