اسلام آباد،29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نےکہا ہےکہ موجودہ حکومت کی دور اندیش اور دا نشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے،حکومت اپنے مقامی اور بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کواسٹیٹ بینک آف پاکستان میں سرکردہ کمرشل بینکوں کے صدر/چیف ایگزیکٹوآفیسرزسے ملاقات کے دوران کیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے خزانہ طارق باجوہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے محصولات طارق پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد،وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی دور اندیشی اور عملی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ حکومت کی مالی صورتحال مکمل طور پر مضبوط ہے اور حکومت اپنے مقامی اور بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نے ان پر زور دیا کہ وہ مالیاتی اور اقتصادی استحکام اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔پاکستان کے سرکردہ بینکرز نے حکومت کی میکرو اکنامک پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور وزیر خزانہ کو پاکستان کی خوشحالی کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔











