لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ مقامی صحافی صدف نعیم کے انتقال پر افسوس ہوا، عمران خان کا خارجہ پالیسی سے کھیلنا ملک سے کھیلنے کے مترادف ہے،عمران خان اب بھارت کی آنکھوں کا تارا بن گیا ہے ،عمران خان کی منی لانڈرنگ کا فیصلہ کیوں نہیں آرہا، عمران خان پہلا لیڈر ہے جس کی کرپشن کے ثبوت موجود ہیں، فیصلہ الیکشن کمیشن دے چکا ہے،اربوں روپے خونی مارچ پر جو خرچ ہو رہاہے بتایا جائے فنڈنگ کون کررہا ہے،جہاں سے عمران خان گزرتا ہے وہاں سے گھڑی چور کے نعرے لگتے ہیں، عمران خان کو کیسز ختم ہونے تک پاکستان سے نکلنے نہیں دیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی خاتون صحافی صدف نعیم کے انتقال پر افسوس ہوا، عمران خان کا لانگ مارچ ارشد شریف سے شروع ہوا اور صدف نعیم پر ختم ہوا،کبھی عمران خان انقلابی کبھی حقیقی آزادی تو کسی وقت اسٹیبلشمنٹ کو للکارتا تو کبھی داخلہ و خارجہ پالیسی سے کھیلتا ہے، عمران خان تین چار لاکھ کے بجائے تین چار ہزار لوگوں کو دیکھ کر سوچ رہا ہے کہ کس سے مذاکرات کروں۔ جاوید لطیف نے کہا کہ عمران نیازی جو بات کرتا ہم ایک پیج پر ہیں، جب وہ پیج پھٹنے لگا تو زرداری کے گھٹنوں پر گر پڑا ،آصف علی زرداری سے جواب کے بعد چھ ماہ تک محمد نوازشریف تک رسائی کیلئے تگ ودو میں لگا رہا اور ناکام واپس لوٹا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اب بھارت کی آنکھوں کا تارا بن چکا ہے،کہتا ہے کہ آصف علی زرداری اور محمد نوازشریف کو کرپٹ کہنے کا اسٹیبلشمنٹ نے کہاتھا، اگر کسی اکا دکا نے چور ڈاکوکے بیانیہ کا کہا تو وہ اداروں کا بیانیہ نہیں تھا، آج ادارے کے ترجمان اور ذمہ داران بات کہہ رہے ہیں کہ سائفر کیا تھا، لیکن اب عمران خان تو ان کی بات نہیں مان رہے۔جاوید لطیف نے کہا کہ ادارے کہہ رہے ہیں عمران خان کا خارجہ پالیسی سے کھیلنا ملک سے کھیلنے کے مترادف ہے۔جاوید لطیف نے کہا کہ ادارے کہہ رہے ہیں اب مذہب سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے،گجرات میں خون ریزی کی پلاننگ لانگ مارچ میں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ آٹھ سال تک اس کی کرپشن منی لانڈرنگ کے کیس لٹکائے نہیں جا سکتے۔











