سائینوویک کمپنی کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے؛ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی

13

لاہور31،اکتوبر ( اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی  نے کہا ہے کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں تمام ضروری سہولتیں موجود ہیں ،سائینوویک کمپنی کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے،یہ منصوبہ صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کامنصوبہ ہوگا،اس منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے گا، روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ،یہ منصوبہ پاک چین دوستی کے لئے نئی مثال بنے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی  نے   چین کی کمپنی سائینوویک گلوبل کے وفد سے  گفتگو میں  کیا ، وفد نے  کمپنی کے  نائب صدر گاؤ کیانگ کی قیادت میں پیر کو یہاں  وزیر اعلیٰ  سے   ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی کمپنی نے پنجاب میں 200ملین ڈالر (تقریباً 45 ارب روپے) کی سرمایہ کاری پر آمادگی کااظہار کیا۔ چینی کمپنی پنجاب میں پلازما میڈیسن پروڈکٹس تیار کرنے کی فیکٹری لگائے گی، منصوبے پر تقریباً 45ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ چینی کمپنی 500ملین ڈالر کی ایکسپورٹ بھی کرے گی ۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سائینوویک کمپنی کو سی پیک انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں ترجیحی بنیادوں پر اراضی فراہم کی جائے گی، اس انڈسٹریل اسٹیٹ کا سنگ بنیاد میں نے ا پنے سابق دور میں رکھا،فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں تمام ضروری سہولتیں موجود ہیں سائینوویک کمپنی کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کامنصوبہ ہوگااس منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے گا روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ،یہ منصوبہ پاک چین دوستی کے لئے نئی مثال بنے گا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سائینوویک کمپنی کا پنجاب میں پلازمامیڈیسن پروڈکٹس تیار کرنے کی فیکٹری لگانا ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔چینی کمپنی کی جانب سے پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری پر آمادگی انتہائی خوش آئند ہے، کورونا وباء کے دوران پاکستان کو ویکسین کی فراہمی پرسائینوویک کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پلازما میڈیسن پروڈکٹس تیار کرنے کی فیکٹری کا منصوبہ لگانا ایک بہت بڑا اقدام ہے۔

چیئرمین ڈین ہولڈنگزایس ایم نوید،چیئرمین فضل دین اینڈ سنزسہیل احمد کبیر،سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان،سیکرٹری صنعت،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ،سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔چینی کمپنی کے وفد میں ٹیکنیکل کنسلٹنٹ سن سیکائی(Mr. Sun Sicai)، گو ہاو(Mr. Gu Hao)، لو فینگ(Mr. Lu Feng)، سن شاشا(Ms. Sun Shasha)، ہی لی کن(Ms He Likun)، لی زیکسوان (Ms. Li Zixuan) اور دیگر شامل تھے۔