نارووال میں پولیو مہم کا آغاز21 نومبر سےہو گا، مہم کی کامیابی کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے؛ ڈپٹی کمشنرمحمدشاہ رخ نیازی

11

نارووال،04 اکتوبر( اے پی پی): ڈپٹی کمشنرمحمدشاہ رخ نیازی نے کہاہے کہ ضلع نارووال میں 21نومبرسے شروع ہونے والی انسدادپولیومہم کوکامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت ودیگراداروں سمیت سماجی تنظیموں کے ساتھ ساتھ بالخصوص علمائے کرام کو اپناکرداراداکرناہوگا۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیوریڈی کیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس موذی مرض کے تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اورپولیومہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کےبچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں اور اس مہم کو کامیاب بنانےکے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بچےقوم کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی صحت کاخیال رکھنا والدین کی اہم ذمہ داری ہے،بچوں کے روشن کل کے لئے والدین کو ہرصورت اپنے بچوں کوپولیوکے قطرے پلاناہوں گے بصورت دیگر والدین کو کسی بڑی آزمائش کاسامناکرناپڑسکتاہے۔

اس موقع پر فوکل پرسن ڈاکٹرمحمدطارق اور ڈی سی این پی ڈاکٹرمحمد نویدحیدر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ضلع نارووال میں پولیومہم 21نومبرسے 25نومبرتک جاری رہے گی اور مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 3 لاکھ 65 ہزار 168بچوں کوپولیوویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 1292ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں 1173موبائل،81فکسڈجبکہ 38 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پولیومہم کے دوران پولیوویکسین کے ساتھ ساتھ بچوں کووٹامن اے کے کیپسول بھی دیئے جائیں گے۔