بچے مستقبل کے معمار ہیں ان کے دل میں ہمدردی کا بیج بویا جائے تو یہ بڑے ہوکر ہمدرد افسران بنیں گے؛سید رضی حیدر شاہ

46

خیرپور،16نومبر (اے پی پی ): نجی سکول  کے ڈائریکٹر سید رضی حیدر شاہ نے کہا کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں ان کے دل میں ہمدردی کا بیج بویا جائے تو یہ بڑے ہوکر ہمدرد افسران بنیں گے اور قوم کی خدمت کرینگے۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی سکول  کی جانب سے ہمدردی کے دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کیا۔ اس موقع پر ادارے کی جانب سے لیکچر کا انعقاد  بھی کیا گیا۔ نجی سکول  کے ڈائریکٹر سید رضی حیدر شاہ اور پرنسپل و ٹیچنگ اسٹاف نے بچوں کو لیکچر دیا۔

پرنسپل سیدہ قدسیہ حیدر شاہ نے کہا ہمارے بچے بہت ذہین اور ہمدردانہ فطرت کے مالک ہیں۔  انہوں نے مل بانٹ کر کچھ تحائف اکٹھے کئے اور شہر میں جاکر ضرورتمندوں کو تحفے دیکر ان سے اپنے پن اور ہمدردی کا اظہار کیا، اگر اس طرح کا شعور بچوں میں بیدار کیا جائے اور ہر سال ہمدردی کا دن اسی طرح منایا جائے جیسے ہم اپنی ثقافت کا دن مناتے ہیں تو معاشرہ یقیناً تبدیل ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا اس سال کلچر ڈے منانے کے ساتھ ہمیں اسی دن ہمدردی کا دن منانے کی روایت اختیار کرنی چاہیے۔

 اسکول کے طلبہ و طالبات نے مختلف اشیاءضرورت کے پارسل بناکر ضرورتمندوں کو تحائف دیتے وقت بہت خوشی کا اظہار کیا اور ہر سال یہ دن منانے کا عہد کیا۔