لاہور۔16نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے وزیراعلی آفس میں فیصل آباد کے ارکان پنجاب اسمبلی ملک عمر فاروق اور میاں وارث عزیز نے ملاقات کی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی امور پر گفتگو کی گئی۔ارکان اسمبلی نے وزیراعلی کو حلقوں میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس سے آگاہ کیا۔ملک عمر فاروق نے ڈجکوٹ کو تحصیل کا درجہ دینے کی درخواست کی۔وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے ڈجکوٹ کو تحصیل کا درجہ دینے کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیل بنا ئی ہیں۔نئے اضلاع اور تحصیلیں بننے سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا اورمسائل لوگوں کی دہلیز پر حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اپ گریڈ کریں گے۔فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 100 بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے بیرون ملک سے بھی ماہرین امراض قلب کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔پرویز الہی نے کہا کہ جلد فیصل آباد کا دورہ کروں گا اور سمن آباد ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کروں گا۔فیصل آباد میں پریس کلب کے لئے اراضی کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ملک عمر فاروق نے وزیراعلی چودھری پرویز الہی کو ڈجکوٹ میں بابا گرونانک انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ سے آگاہ کیا۔











