ملتان،17 نومبر(اے پی پی): سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر نے کہا کہ رہائشی علاقوں کی صفائی کمپنی کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ شہریوں کو صحت افزاء ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون شہر کا دورہ کرنے کے دوران کیا۔
ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے اندرون شہر میں گرینڈ صفائی آپریشن سرانجام دیتے ہوئے تمام بازاروں اور گلیوں محلوں میں مثالی صفائی کردی ہے۔تاریخی شہر کے بوہڑ گیٹ، حرم گیٹ، کالے منڈی بازار، شاہ گردیز، النگ لوہاری گیٹ،محلہ حکیماں والا، درکھاناں والا اور انصاری والا سے تمام کوڑا کرکٹ، کچرا اور ملبہ اٹھا لیا گیا ہے۔صفائی آپریشن میں اندرون شہر کے متعلقہ ورکرز کے علاوہ سپیشنل صفائی اسکواڈ نے حصہ لیا۔اس کے علاوہ شہر کی 68 یونین کونسلوں میں معمول کا صفائی آپریشن بھی جاری رہا۔
دوسری طرف دھند کے پیش نظر حادثات سے بچنے کے لئے شاہراہوں کی صفائی کرنیوالے مکینیکل سوئیپرز پر فوگ لائٹس نصب کردی گئی ہیں۔
سی ای او نے بازاروں اور گلیوں میں صفائی کا جائزہ لیا اور شہریوں سے گفتگو کی۔
محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ شاہراہیں شہر کا حسن ہوتی ہیں اور انکی صفائی بھی ضروری ہے کیونکہ صاف ستھری مارکیٹوں اورشاہراہوں سے دوسرے شہروں سے آنیوالے افراد پر اچھا تاثر قائم ہوتا ہے۔
محمدفاروق ڈوگر نے بتایا کہ نئے ورکرز کی بھرتی کے بعد رہائشی اور کمرشل علاقوں کے لئے الگ الگ ورک فورس قائم کی جائے گی۔سیکٹر افسران بھی سی ای او کے ہمراہ تھے۔











