اسلام آباد،17نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے جمعرات کو یہاںمحکمہ میوزیم اینڈ آرکیالوجی (ڈی او اے ایم ) کے مختلف منصوبوں بشمول تزئین و آرائش کے منصوبوں اور آئندہ سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔
ڈائریکٹر جنرل ڈوم اور دیگر اعلیٰ حکام نے مشیر وزیراعظم کو مختلف جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسلام آباد میوزیم کا دورہ کریں اور حکام کو مزید طلباء اور لوگوں کو مدعو کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی جی آرکیالوجی نے وزیر اعظم کے مشیر کو محکمہ آثار قدیمہ اور میوزیم کے پی ایس ڈی پی منصوبوں اور حالیہ اشاعت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کے مشیر کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 45 آثار قدیمہ کے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں کری پویلین، کری مونڈ اور ہندو مندر شامل ہیں۔











