ملتان،18 نومبر(اے پی پی ): ساتویں چار روزہ تھل جیپ ریلی کاکوالیفائنگ راؤنڈ میں پری پیئرڈ، سٹاک اور وومن کیٹگری کے نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ریسر راجا محمد سعید تیز ترین ریسر قرار پائے اور اپنی کیٹگری میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔سٹاک کیٹگری میں کھلاڑی سید آصف امام ّنے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ۔
ہیڈ محمد والہ کے قریب صحرائے تھل میں موٹرریس کے بڑے مقابلے7ویں چار روزہ تھل جیپ ریلی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔جیپ ریس سے قبل ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں111گاڑیوں نے حصہ لیا۔جن میں 42 پری پیئرڈ کیٹگری 69 سٹاک کیٹیگری کی گاڑیاں شامل تھی۔
ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی)کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق کوالیفائنگ راؤنڈ کی پری پیئرڈ کیٹگری میں نوجوان کھلاڑی راجا محمد سعید پہلے نمبر پر آئے اور اب وہ اپنی کیٹگری کی ریس میں سب سے پہلے روانہ ہوں گے ۔انہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ کا پونے 3کلومیٹرٹریک ایک منٹ اور34.83سیکنڈ میں طے کیا۔۔دوسرے نمبر پر معروف جیپ ریسرزین محمود آئے جو کہ گزشتہ سال بھی اسی پوزیشن پر براجمان تھے انہوں نے یہ فاصلہ ایک منٹ اور35.18سیکنڈ میں طے کیا۔تیسرے نمبر پرمعروف ریسر نادر مگسی آئے جنہوں نے یہ فاصلہ ایک منٹ35.54سکینڈ میں طے کیا۔
سٹاک کیٹگری میں ریسر سید آصف امام پہلے نمبر پر آئے۔انہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ کا پونے3کلومیٹرٹریک ایک منٹ اور39.69سیکنڈ میں طے کیا۔دوسرے نمبر پر عقیل احمد آئے انہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ کا ٹریک ایک منٹ اور44.23سیکنڈ میں طے کیا۔تیسری پوزیشن محمد بلال چودہری نے حاصل کی ۔انہوں نے ٹریک ایک منٹ اور45.87سیکنڈ میں طے کیا۔کل (19نومبر) کو سٹاک کیٹگری کی ریس جبکہ20نومبر کو پری پیئرڈ کیٹگری اور وومن کیٹگری کے فائنل مقابلے ہونگے۔
قبل ازیں ایم ڈی،ٹی ڈی سی پی آغا محمد علی، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کیپٹن(ر)سمیع فاروق اور کمشنر ڈی جی خان لیاقت علی چھٹہ نے گاڑیوں کو ٹریک پر روانہ کر کے کوالیفائنگ مقابلوں کا الگ الگ افتتاح کیا۔ کوالیفائنگ مقابلوں میں 111 گاڑیوں نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر پولیس سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔
ایم ڈی،ٹی ڈی سی پی آغا محمد علی اورڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع فاروق نے کہا کہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی اس خطے کی پہچان بن گئی ہے۔ جیپ ریلی کے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سال 111گاڑیاں مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں ۔جن میں 4خواتین کی گاڑیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان مقابلوں کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرتی رہے گی اور ضلع کی عوام کو ایک بہتر تفریح فراہم کرتی رہے گی۔
ایونٹ منیجر،ٹی ڈی سی پی محمد نعمان نے کہا کہ 195 کلومیٹر سے زائد لمبے ٹریک پر مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام ڈرائیورز حضرات اور ان کی گاڑیوں کی حفاظت کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں، سکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار بھاری تعداد میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔











