ملتان؛ موٹروے پولیس کیطرف سے بغیر ڈیش کیمرے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری

11

ملتان،21 نومبر(اے پی پی ): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کیطرف سے سیکٹر-1 ایم 5 پر تمام گاڑیوں کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت جاری کی جبکہ  انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود کے ویژن، زونل کمانڈر موٹروے سنٹرل ٹو زون ڈی آئی جی شاہد جاوید اور سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی ہدایات پر M-5، سیکٹر-1 پر ڈی ایس پی بیٹ 23 مسرور علی کی زیر نگرانی بغیر ڈیش کیمرے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ جس میں بغیر ڈیش کیمرہ والی گاڑیوں کو چیک کیا جا رہا ہے اور جرمانے کیے جا رہے ہیں۔

 سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بتایا کہ قومی شاہراؤں پر شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی ۔

 انہوں نے کہا کہ جدید آلات سے لیس افسر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ پٹرولنگ کو بھی مزید مؤثر بنا رہے ہیں۔ تمام فیلڈ سٹاف قانون کے یکساں نفاذ کو بلا تفریق یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کا مقصد ٹریفک حادثات کو کنٹرول کرکے قیمتی انسانی جانوں کو بچانا ہے۔

 سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے مزید کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس شہریوں کو موٹرویز پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور اس تسلسل کو ہمیشہ جاری رکھا جائیگا، موٹروے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 130 یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ہمسفر ایپ استعمال کر کے مدد لی جا سکتی ہے۔