ملتان،22 نومبر(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی بھرپور تعمیرو ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اسی لئے اس خطے کو آبادی کے تناسب سے بڑھ کر ترقیاتی فندز فراہم کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 236 ارب روپے کی لاگت سے جنوبی پنجاب میں جاری 2179 منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئےمنعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور تمام سکیمیں معینہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ترقیاتی عمل کی رفتار بڑھائی جائے اور تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز منصوبوں کی بھرپور مانیٹرنگ کریں تاکہ پراجیکٹس کی منظوری اور ورک آرڈر کے اجراء کے عمل میں برق رفتاری لائی جاسکے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ترقی کی رفتار پنجاب کے دیگر شہروں کے برابر لانا ہمارا ٹارگٹ ہے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ زراعت کی 49سکیموں پر5ارب54 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ 3ارب 84کروڑ روپے جاری کردئے گئے ہیں۔لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے 23 منصوبوں پر2 ارب روپے،محکمہ جنگلات کے16منصوبوں پر1ارب 18کروڑ،جنگلی حیات کے5 پراجیکٹس پر27 کروڑ اور ماہی پروری کی9 سکیموں پر33کروڑ 90 لاکھ خرچ کئے جارہے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے 176 منصوبوں کے لئے 10ارب47 کروڑ مختص کئے ہیں جن میں سے 10 ارب روپے کی خطیر رقم جاری کردی گئی ہے۔اسی طرح شاہراہوں کے530 منصوبوں پر46 ارب روپے، محکمہ انہار کے68 منصوبوں پر8ارب 80 کروڑ روپے،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں55 ارب 43 کروڑ روپے کی لاگت سے 52 منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں جبکہ پبلک بلڈنگ کے 29 منصوبوں کے لئے2 ارب 23 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن،سکرٹری سروسز، سیکرٹری زراعت ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،سیکرٹری فاریسٹ، وائلڈ لائف و فشریز ،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری ایریگیشن اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اور ایڈیشنل سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپاٹنمنٹ نے شرکت کی۔











