ٹریننگ کورس اور ورکشاپسں   نوجوان پارلیمنٹرین کو قانون سازی کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی ،سید علی موسی گیلانی

12

اسلام آباد،23نومبر  (اے پی پی):صدر ینگ پارلیمنٹرینز فورم سید علی موسی گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوان پارلیمنٹرینز کیلئے ٹریننگ کورس اور ورکشاپس پارلیمنٹرین کو قانون سازی کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے میں  معاون ثابت ہوں گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے زیر اہتمام پارلیمانی ڈپلومیسی کے حوالے سے راؤنڈ ٹیبل مکالمہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ملکی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔نوجوان پارلیمنٹرینز موسمیاتی تبدیلی اور صنفی تفریق کے حوالے سے ہونے والی قانون سازوی میں بھرپور حصہ لیں۔شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی کوپ 27 کے موقع پر پاکستانی پارلیمانی ٹیم نے موسمیاتی تبدیلی پر کامیاب سفارت کاری کی۔ پاکستان حالیہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے لوگوں کا ذریعہ معاش تباہ ہوا،  نوجوان پارلیمنٹرینز کو سیلاب کی تباہ کاریوں کو دنیا کے سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔نوجوان پارلیمنٹرینز بہتر طریقے سے عوام کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے نوجوان پارلیمنٹرینز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔قانون سازی کے عمل کو موثر بنانے کیلئے تربیتی ورکشاپوں کا اہتمام ضروری ہے۔ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے نوجوانوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔نوجوانوں کو سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوان سوشل میڈیا پروپیگنڈا اور فیک نیوز کے روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔